پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کو راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کیا ہے، پنجاب پولیس کی بھاری نفری اور تھانہ آر اے بازار پولیس اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے نظربندی کے احکامات جاری کیے تھے۔
گرفتار کے وقت شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اگر آپ نے غیر قانونی حرکت کی تو سپریم کورٹ میں لیکر جاؤں گا، جسٹس منصور علی شاہ،جسٹس اطہر من اللہ نے سائفر کیس میں پورے دلائل سنے، میری ضمانت کا آرڈر جاری کیا گیا، جج صاحب نے میری رہائی کی روبکار پر دستخط بھی کیے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ انہوں نے تھری ایم پی او کے تحت میری گرفتاری کے آرڈر جاری کیے، پھر انہوں نے مجھے گرفتار کرکے نظر بند کردیا تھا، میں نے نظربندی کا آرڈر بھی قبول کرلیا تھا ،سیل میں واپس چلا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا جارہا ہے، میں نے قوم کی ترجمانی کی ہے،میں بے گناہ ہوں، مجھے بلاوجہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے کہا ہے کہ شاہ محمود کی سائفر کیس میں ضمانت ہو چکی ہے، شاہ محمود کی 15 روزہ نظربندی کے آرڈر جاری ہو چکے ہیں، نظر بندی آرڈرز میں شاہ محمود سے 9 مئی مقدمات کی تفتیش کا کہا گیا ہے۔









